7

براہِ راست نشریات کے دوران ڈاکو نے صحافی کو لوٹ لیا

ایکواڈور: گزشتہ ہفتے ایکویڈور کے ایک اسپورٹس چینل پر براہِ راست نشریات کے دوران صحافی کو ایک ڈکیت نے کیمرے کے سامنے لوٹ لیا اور رفوچکر ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق 12 فروری کو ایکویڈور کے ’ڈائریکٹ ٹی وی اسپورٹس‘ کے صحافی ڈیگو آڈینولا ایک میچ کی لائیو کوریج کے دوران ایسیڈرو رومیرو کاربو مانیومینٹل اسٹیڈیم کے باہر کھڑے شائقین کو میچ کے بارے میں بتارہے تھے کہ اچانک ایک نوجوان نمودار ہوا جس کے ہاتھ میں ریوالور تھا اور اس نے کورونا والا حفاظتی ماسک پہنا ہوا تھا۔

پلک جھپکتے ہی اس نے ریوالور دکھا کر صحافی اور کیمرا مین، دونوں کے اسمارٹ فون چھینے اور پھرتی سے دوڑتا ہوا غائب ہوگیا۔

چند سیکنڈ میں حواس بحال ہونے پر کیمرا مین نے بھی اسی سمت میں دوڑ لگائی جہاں وہ نقاب پوش ڈاکو گیا تھا لیکن خاصی دور تک دوڑنے کے باوجود ڈکیت کا کچھ اتا پتا نہیں چل سکا۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل کے بعد صارفین یہ سوال کررہے ہیں کہ انہیں براہِ راست نشریات کے دوران، کیمرے کے سامنے، میزبان اور کیمرا مین کے فون چھینے جانے پر افسوس کرنا چاہیے یا پھر ڈاکو کی دیدہ دلیری پر داد دینی چاہیے؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں