8

ضلعی انتظامیہ مہنگائی مافیا کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہے ‘ مرزا عبدالرحمن
روزمرہ بنیاد پر جاری ہونیوالا نرخنامہ عوام کیساتھ صدی کابڑا مذاق ہے
مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے پرائس ریویو کمیٹی ختم کرکے مجسٹریٹ مقرر کیے جائیں

اسلام آباد(خبر نگار )مرزا عبدالرحمن کوآرڈینیٹر وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان ۔ کیپٹل آفس نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی جانیوالی پرائس لسٹ کو موجودہ صدی کا بڑا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آبادانتظامیہ مافیا کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہے ۔ سرکاری نرخنامہ اور مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں میں زمین آسمان کے فرق نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پرائس ریویو کمیٹیوں کو ختم کرکے مجسٹریٹ مقرر کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والا اشیاء خوردونوش کاروزمرہ نرخنامہ موجودہ صدی کا بڑا مذاق ہے کیونکہ مذکورہ ادارہ کے اہلکار بند کمروں میں بیٹھ کر آنکھیں بندکیے اشیاء خوردونوش کے نرخ درج کرکے عوام اور دکانداروں کے مابین جھگڑے کرانے میں مصروف ہیں ۔ سرکاری نرخنامے جو کہ خیالی پلائو کی حیثیت رکھتا ہے میں گزشتہ روز ٹماٹر 20روپے فی کلو ‘ اعلیٰ درجے کا سیب کالاپوری105’ایرانی سیب140، سفید سیب70روپے، گولڈن سیب65روپے فی کلو، کیلا60روپے ، مالٹا 75روپے ، انڈے 150روپے فی درجن ،شیور مرغی 250روپے فی کلو سمیت دیگر اشیاء خوردونوش کے ہوائی نرخ درج ہیں جبکہ حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں کیونکہ مارکیٹ میں نرخنامے کے مطابق کوئی بھی چیز دستیاب نہیں جو کہ اسلام آباد کے عوام کیساتھ گھنائونا مذاق ہے ۔ مرزا عبدالرحمن نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے پر بوجھ اور مہنگائی مافیا کو سپورٹ کرنے والے پرائس ریویو کمیٹی جیسے نالائق اور نااہل ادرے کو فی الفور ختم کریں کیونکہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے بھی اسی قسم کا ایک حکم جاری کیا تھا کہ ملک بھر میں پرائس ریویو کمیٹیاں ختم کرکے مجسٹریٹ مقرر کیے جائیں جو حکومتی مقرر کردہ نرخوں میں سختی سے عملدرآمد کرائیں اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے والے مافیا کو کیفر کردار تک پہنچائیں ۔ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر ماحولیات ملک امین اسلم کی دعوت پر اٹک کے علاقہ میں زمینداروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں اعتراف کیا تھا کہ کاشتکار جس نرخوں پر فصل منڈی میں فروخت کرتا ہے اس سے کئی سو گنا ناجائز منافع خوری کرتے ہوئے مافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتا ہے ۔ مرزا عبدالرحمن کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کمشنر و ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو چاہیے کہ وہ اخباری و کاغذی بیانات سے ہٹ کر حقیقی معنوں میں عوا م کو ریلیف فراہم کریں اور پرائس ریویو کمیٹیاں ختم کرکے مجسٹریٹ مقرر کئے جائیں جو مارکیٹ کمیٹی کی پرائس لسٹ کو عملی جامعہ پہناسکیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں