12

ایسی کمپنی جس کا نام ہی ’’کووِڈ‘‘ ہے ۔ کہاں کی کمپنی ہے یہ ۔ جانیے دلچسپ خبر

یہ کمپنی ایکسٹینڈرز، اسپلٹرز، وال پلیٹس،ٹولز اور آڈیو ویژول کیبل اسمبلیز جیسی مصنوعات بناتی ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ایریزونا: آج ہمیں ’’کووِڈ 19‘‘ کا لفظ سنتے اور پڑھتے ہوئے ایک سال ہوچکا ہے لیکن امریکی ریاست ایریزونا میں آڈیو ویژول کنکٹرز اور کیبلز بنانے والی ایک کمپنی کا نام ہی ’’کووِڈ‘‘ ہے جو پچھلے چالیس سال سے کام کررہی ہے۔

کووِڈ کمپنی کے سربراہ نورم کارسن نے بتایا کہ آج سے چالیس سال پہلے جب یہ کمپنی قائم کی جارہی تھی تو اسے بنانے والوں نے اس کا نام ’’ویڈیو کمپنی‘‘ کو مختصر کرکے ’’وِڈکو‘‘ رکھنا چاہا، لیکن پہلے ہی بہت سی کمپنیاں یہ نام استعمال کررہی تھیں۔

یہ مسئلہ تب حل ہوا جب پارسل کمپنی کے ایک ڈرائیور نے تجویز دی کہ انہیں اس نئی کمپنی کا نام ’’کووِڈ‘‘ رکھ لینا چاہیے جو دوسرے ناموں سے مختلف ہوگا۔ یہ تجویز پسند کی گئی اور اس طرح کمپنی کا نام ’’کووِڈ اِنکارپوریٹڈ‘‘ رکھ دیا گیا۔

کمپنی کے نام کے حوالے سے کارسن نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا فروری 2020 میں وہ اور ان کے ساتھی ایمسٹرڈیم میں آڈیو ویژول آلات کی ایک عالمی نمائش میں شریک تھے کہ اسی دوران وبا کے نام کا اعلان ’’کووِڈ 19‘‘ کے طور پر کیا گیا۔

اس وقت وبا کی ابتداء تھی اور حالات سنگین بھی نہیں تھے لہذا کمپنی ملازمین اس خبر سے اتنے خوش ہوئے کہ انہوں نے ’’کووِڈ‘‘ کے اسٹال پر لگے بورڈ کے سامنے کھڑے ہو کر سیکڑوں تصویریں کھینچ لیں تاکہ یادگار رہے۔

کارسن کے بقول، ’’ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہماری کمپنی تقسیم کاروں اور ڈیلروں کے ذریعے ہی اپنی مصنوعات فروخت کرتی ہے ورنہ شاید ہمارے کاروبار کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچتا۔‘‘

بلومبرگ کے مطابق، کووِڈ انکارپوریٹڈ ایکسٹینڈرز، اسپلٹرز، وال پلیٹس، ریک پینلز، ٹولز، آڈیو ویژول کیبل اسمبلیز، سوئچرز، کنکٹرز، ایڈاپٹرز، فائبر کیبلز اور پاور کورڈز جیسی مصنوعات بنانے والی کمپنی ہے جس کا صدر دفتر ٹیمپی، ایریزونا میں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں