9

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شہبازشریف اور بلاول بھٹو کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں صدر مسلم لیگ(ن) شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

بنی گالا میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس، وزرائے اعلیٰ ہاؤسز اور گورنرزہاؤسز کے اخراجات میں کمی لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کراچی، لاہور، بنوں اور اسلام آباد کی نشستیں چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ میانوالی کی آبائی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔

عمران خان کا 5 نشستوں میں سے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ

ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں سب سے اہم ادارہ پارلیمنٹ ہے اور وزیراعظم ایوان کوجوابدہ ہوں گے، عمران خان خود ایوان کو ایک گھنٹے کے لیے جواب دیا کریں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حلف برداری کی تقریب میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو دعوت دی جائیگی جب کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور خورشید شاہ کو بھی تقریب میں مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو مضبوط بنانے کے لیے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے اور اپوزیشن کے جو بھی مطالبات ہیں ان پر غور و فکر کیاجائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ اسد عمر ایف اے ٹی ایف سمیت بین الاقوامی امور پر رابطے میں ہیں جن سے متعلق وہ بریفنگ لے رہے ہیں۔

وزیراعظم کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا، قومی اسمبلی کا غیر حتمی شیڈول تیار

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس 13 اگست کو ہوگا جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

اسمبلی میں وزیر اعظم کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا جس کے بعد عمران خان 18 اگست کو ایوان صدر میں تقریب حلف برداری ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں