13

عمران نااہلی کیس: جسٹس شوکت کی سربراہی میں بینچ آج سماعت کرے گا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈویژن بینچ تشکیل دے دیا گیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر تشکیل دیئے گئے 2 رکنی ڈویژنل بینچ کی سربراہی جسٹس شوکت عزیر صدیقی کریں گے جب کہ بینچ کے دوسرے رکن جسٹس اطہر من اللہ ہوں گے۔

عدالت بینچ عمران خان کی نااہلی کے درخواستوں پر سماعت آج کرے گا جب کہ بینچ چیئرمین پی ٹی آئی کو وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں حصہ لینے سے روکنے کی متفرق درخواست بھی سنے گا۔

پی ٹی آئی کا بینچ پر اعتراض
دوسری جانب تحریک انصاف نے درخواستوں کی سماعت کرنے والے بینچ پر اعتراض کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے بینچ کی تشکیل کےخلاف آج اعتراض دائرکیا جائے گا۔

پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی پی ٹی آئی سے متعلق اچھا تاثرنہیں رکھتے۔

پی ٹی آئی کے مطابق جسٹس اطہرمن اللہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے ساتھی اور ترجمان رہے ہیں ۔

عمران خان کی نا اہلی کےلیےجسٹس ڈیموکریٹک پارٹی اور شہداء فاونڈیشن نے درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔

یاد رہے کہ عمران خان کی نااہلی کے لیے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکریٹری عبدالوہاب بلوچ نے درخواست دائر کررکھی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے ٹیریان سے متعلق جھوٹ بولا اور کاغذات نامزدگی میں اسے بیٹی ظاہر نہیں کیا، وہ صادق اور امین نہیں رہے لہٰذا انہیں آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

مذکورہ کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی تھی اور عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم اگست کو جواب طلب کیا تھا لیکن یہ بینچ بعد میں تبدیل کردیا گیا تھا اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی جگہ جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب کو بینچ کا حصہ بنایا گیا تھا۔

2 اگست کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کرنی تھی لیکن بینچ نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد بینچ ٹوٹ گیا تھا۔

دوسری جانب عمران خان کو وزرات عظمی کا انتخاب لڑنے سے روکنے کی درخواست شہداء فاؤنڈیشن کے حافظ احتشام نے دائر کی تھی جس میں مؤقف اپنایا تھا کہ عمران خان آرٹیکل 62 کے تحت رکن قومی اسمبلی بننے کے اہل نہیں ہیں جب کہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں، ایسے شخص کا وزیراعظم بننا ملکی سالمیت اور وقار کیخلاف ہے۔

حافظ احتشام کی درخواست پر 6 اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی تھی اور کیس پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوادیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں