7

صدر مملکت ممنون حسین کی اہلیہ کے ہمراہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت

لندن : صدر مملکت ممنون حسین اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچے جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔

نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے صدرِ پاکستان ممنون حسین اور ان کی اہلیہ کا استقبال کیا۔

صدر مملکت ممنون حسین سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز سے بغل گیر ہورہے ہیں — فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب
ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیر علاج بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے بعد اپنی گفتگو میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ ‘میری بیگم کلثوم نواز سے بات ہوئی ہے انہوں نے دعا کی اپیل کی’۔

کلثوم نواز ہوش میں اور بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں، حسین نواز

صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ ‘میں نوازشریف کے ساتھ کھڑا ہوں جیسے 1999 میں کھڑا تھا’۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم کے بیٹے حسین نواز نے کہا کہ صدر کے انتخاب کا فیصلہ ن لیگ کی قیادت کرے گی وہ اس پر تبصرہ نہیں کریں گے۔

اپنی والدہ کے حوالے سے حسین نواز نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز آئی سی یو میں ہیں، بات چیت کرتی ہیں مگر بیٹھ نہیں سکتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘میری والدہ مریم نواز کا پوچھتی ہیں کہ وہ کال کیوں نہیں کرتیں، میاں نوازشریف سے ٹیلی فون پر بات ہوئی، پاکستانی سِم پر میاں نوازشریف نے کال کی اور ان سے بات ممکن ہو سکی۔

کلثوم نواز کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، ڈاکٹروں کی نواز شریف کو بریفنگ

حسین نواز نے بتایا کہ میاں نواز شریف کو ہفتے میں ایک آدھ بار فون کرنے کی اجازت ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص کیا تھا جس کے بعد سے وہ لندن میں علاج کروا رہی ہیں۔

احستاب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں 6 جولائی کو سزا سنائے جانے کے بعد نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ 12 جولائی کو لندن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے تھے اور 13 جولائی کو دونوں کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں