8

بھارتی فوج کی وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ

بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر وزیراعظم آزاد کمشیر راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کر دی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، چوہدری عبدالعزیز کے بھائی کی وفات پر تعزیت کیلئے گئے تھے اور تروڑی میں کنٹرول لائن کے نہایت قریب ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہےتھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر کا پائلٹ طے شدہ حد سے معمولی آگے چلا گیا جس پر بھارتی چوکی پر تعینات اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کر دی۔

دونوں افواج فوجی ہیلی کاپٹر کی ایل او سی کے نزدیک اڑنے کی اطلاع ایک دوسرےکو پیشگی دیتی ہیں۔

لیکن گھبرائی ہوئی بھارتی فوج اور میڈیا نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے سول سفید سفری ہیلی کاپٹر کو پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بنا دیا۔

خوش قسمتی سے بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں کوئی نقصان ہیں ہوا اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر کو بحفاظت حویلی اُتار لیا گیا۔

بھارتی فوج نالائق اور بزدل ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نالائق اور بزدل ہے، انہوں نے سویلین ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارت نے بہانہ بنایا کہ ہیلی کاپٹر نے ایل او سی پار کیا، میرے پاس ایسا کیا تھا؟ کیا چھاپا مارنے جا رہاتھا؟

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایل او سی پر اسرائیلی آلات لگائے ہیں کہ زندہ چیز کی نشاندہی ہو جاتی ہے۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت جھوٹ بولتی ہے کیونکہ ان کے الیکشن آنے والے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے وزراء کے ساتھ سویلین ہیلی کاپٹر پر جا رہا تھا اور میرے ساتھ کوئی گن شپ ہیلی کاپٹر نہیں تھے، سویلین ہیلی کاپٹر زیرو لائن تک بھی جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں عام انتخابات قریب ہیں اس لیے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں