8

کوئی اسرائیلی طیارہ پاکستان میں لینڈ نہیں کرسکتا، فواد چوہدری

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد سے متعلق خبر کی تردید کردی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سول ایوی ایشن نے وضاحت دے دی ہے کہ کوئی اسرائیلی طیارہ پاکستان میں لینڈ نہیں کرسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک پر فواد چوہدری کو بدنام کرنیوالے مسلم لیگی ورکر گرفتار

اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواہ پر مبنی خبر پر سیاست چمکانے والے حکومت اور فوج کو متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہ کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کے آپس میں گٹھ جوڑ نے کشمیریوں کے یوم سیاہ کو متنازع بنانےکی کوشش کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی آج یوم سیاہ منا رہے ہیں، ہم کشمیریوں کےحق خودارادیت کے لیے آخری حد تک ساتھ دیں گے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ افوا پر بیان بازی کے ذریعے یوم سیاہ کو متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن طویل عرصے تک کشمیر کمیٹی کے سربراہ رہے لیکن کشمیروں کے حقوق کے لیے ان کی کارکردگی صفر رہی اور انہوں نے کشمیروں کے حق اور بھارت کے خلاف ایک بیان بھی نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما کے خلاف متنازع پوسٹ کرنے والا مسلم لیگ (ن) کا کارکن گرفتار

فواد چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یوم سیاہ ہمیشہ جاری نہیں رہے گا، کشمیر جلد بھارت سے آزادی حاصل کرے گا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور فضل الرحمٰن سے متعلق کہا کہ ان تینوں کی سیاست کا باب اختتام پذیر ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ تینوں سیاستدانوں نے کبھی کشمیر کے مسئلے پر سنجیدہ رویہ اختیار نہیں کیا اور نواز شریف ہمیشہ خوفزدہ رہے کہ کشمیر پر بات کرنے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ناراض ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نظریہ اور لیڈر شپ سے محروم ہے اس لیے افواہ پر مبنی خبروں پر خود کو زندہ رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ چوروں ، ڈاکوؤں کو الٹا لٹکائیں گےاور اپنا وعدہ پورا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم چور اور ڈاکو نہ پکڑسکیں تو پھر پی ٹی آئی کو حکومت کرنے کا کیا حق ہوگا‘۔

فیک نیوز بسٹر
جعلی خبروں سے متعلق تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ فیک نیوز بسٹر پر بھی اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد سے متعلق خبر کو ‘جعلی خبر’ قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں