10

عامر لیاقت کی معافی مسترد، عدالت میں پیش ہونے کا حکم

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے توہینِ عدالت کے معاملے پر معروف اینکر عامر لیاقت حسین کے وکیل کی جانب سے پیش کی گئی معذرت مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالت کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے اینکرپرسن شاہزیب خانزادہ کی جانب سے عامر لیاقت حسین کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت عامر لیاقت کے وکیل کی جانب سے مانگی گئی معافی عدالت نے مسترد کر دی۔

جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ ایک با رپھر معافی مانگتے ہیں، معافی کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے، وکیل کا مزید کہنا تھا کہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں۔

جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عدالت کے خلاف کوئی بھی بول کر تضحیک کرتا رہے۔

چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ کہاں ہیں ایڈیشنل اٹارنی جنرل؟ انہوں نے آج فریم چارج کرنا تھا۔

چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ بلائیں عامر لیاقت کو ہم سماعت میں وقفہ کرتے ہیں، بل سے تو باہر آئیں آپ، آج چارج شیٹ کرنا ہے۔

بعد ازاں چیف جسٹس نے سماعت میں وقفہ کردیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نجی ٹی وی چینل کی جانب سے دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے بعد عامر لیاقت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

جس پر عامر لیاقت حسین نے غیر مشروط معافی مانگ لی تھی۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں عامر لیاقت نے کہا تھا کہ میں نے ٹی وی پروگرام میں فادر آف بھارت اور سن آف بھارت کی اصطلاح کسی پاکستانی کے لیے استعمال نہیں کی بلکہ بھارتی میڈیا کے اینکرز کے لیے استعمال کی کیونکہ انہوں نے میری کردار کشی کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پروگرام کی کلپس کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا جبکہ تحریک انصاف میں شمولیت پر مجھے ذلیل کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ’پہلے میر شکیل کو مائی باپ کہتے تھے، پھر ایک دم کیا ہوگیا؟‘

تاہم گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے عامر لیاقت کی معافی کو مسترد کرتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ کیا ہم یہاں تذلیل کروانے کے لیے بیٹھے ہیں، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ توہین عدالت کی جائے اور پھر معافی مانگ لی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں