7

‘آپ کو دھونی کہاں سے ملا؟’ مشرف کے سوال پر گنگولی کا دلچسپ جواب

سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق پاکستانی صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے ایک مرتبہ ان سے سوال کیا تھا کہ انہوں نے مہندرا سنگھ دھونی کو کہاں سے تلاش کیا؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ دھونی انہیں واہگہ بارڈر سے ملے تھے۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سارو گنگولی نے 2006 میں بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر سابق پاکستانی صدر پرویز مشرف سے دھونی سے متعلق ہونے والی دلچسپ گفتگو کا احوال سنایا۔

گنگولی کے مطابق، ‘مجھے آج بھی یاد ہے جب پرویز مشرف نے مجھ سے پوچھا کہ آپ کو دھونی کہاں سے ملا؟’

جس پر میں نے ہلکے پھلکے انداز میں انہیں بتایا، ‘وہ (دھونی) واہگہ بارڈر کے قریب چہل قدمی کر رہا تھا اور ہم نے اسے اپنی طرف کھینچ لیا۔’

واضح رہے کہ واہگہ بارڈر، پاکستان اور بھارت کو لاہور اور امرتسر کے مقام سے ملانے والی سرحد کو کہا جاتا ہے۔

اگرچہ دھونی اِن دنوں فارم میں نہیں ہیں، تاہم گنگولی اب بھی انہیں ایک ‘چیمپیئن’ تصور کرتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ انہیں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے پرفارم کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ بھارت کو 2007 کے اولین ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں عالمی چمپیئن بنانے والے وکٹ کیپر اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کی ہوم سیریز اور آسٹریلیا کے دورے کے لیے 16 رکنی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

2004 میں ڈیبیو کرنے والے دھونی نے بھارت کی جانب سے 90 ٹیسٹ، 329 ون ڈے انٹرنیشنل اور 93 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں، جنہیں بھارتی ٹیم کا کامیاب ترین کپتان قرار دیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں