8

پاکستان کے تعاون سے امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے

کابل: پاکستان کے تعاون سے امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے، امریکا نے پاکستان کے تعاون سے ہونے والے امریکا طالبان مذاکرات کا خیر مقدم کیا ہے۔

افغانستان میں ترجمان امریکی سفارتخانے کا امریکی ریڈیو سروس وائس آف امریکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا، پاکستانی حکومت کی طرف سے تعاون بڑھانے کے کسی بھی اقدام بشمول طالبان، افغان حکومت اور دیگر افغانوں کے درمیان مذاکرات کا خیر مقدم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے طالبان سمیت دیگر فریقین سے ملاقاتیں کی ہیں اور افغان مسئلے کے حل کے لیے وہ یہ ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔

امریکی صدر کا عمران خان کو خط، افغان طالبان سے مذاکرات کیلئے تعاون مانگ لیا

دوسری طرف ترجمان افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا-طالبان مذاکرات کرانا افغان امن عمل کے لیے پاکستان کا پہلا عملی قدم ہوگا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جمعے کو پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر (17 دسمبر) سے امریکا-طالبان مذاکرات کے آغاز کے بارے میں بتایا تھا، تاہم مذاکرات کہاں ہوں گے یہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خط لکھا تھا جس میں پاکستان سے افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تعاون مانگا گیا تھا جس کے جواب میں وزیراعظم نے کہا تھا ہم افغانستان میں امن لانے کے لیے خلوص کے ساتھ پوری کوشش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں