5

’وزیراعظم کا قبل ازوقت انتخابات کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا‘

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بہت ضروری ہو تو بیرونی دورے کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے ایئرپورٹس پر اوورسیز کو مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹ کے کلچر میں تبدیلی آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد کا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیری لاگت میں اضافے پر بھی مشترکہ انکوائری کرنے کا کہا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے کچھ نئی ایئر لائنز کو لائسنس دینے کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں دوائیوں کی قیمتوں کا معاملہ بھی زیرغور آیا، دوائیوں کی قیمتوں کا معاملہ ٹاسک فورس کو سونپا گیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کی بنیاد رحم اور برداشت پر ہے، تجاوزات متاثرین کے حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو اخراجات میں 10 فیصد کمی کی ہدایت کی ہے اور ادائیگیوں کے توازن کے مسئلے میں بھی خاصی بہتری آئی ہے۔

وفاقی وزیر نے سعودی عرب کے ساتھ آئل ریفائنری کے معاہدے پر دستخط کی تصدیق کرتے ہوئے خوشخبری بھی سنائی کہ فروری 2019 میں سعودی ولی عہد سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے پاکستان آ رہے ہیں۔

قبل از وقت انتخابات سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وقت سے پہلے انتخابات کوئی مذاق نہیں ہے، قبل از وقت انتخابات سے متعلق وزیراعظم کی بات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا جب کہ عوام ماضی کے حکمرانوں کو مسترد کرچکے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان آنے والے سیاحوں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے ویزہ عمل میں آسانی لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بڑے شہروں کے ماسٹر پلان بنائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ہنڈی اور حوالہ پر تفصیلی غور کیا گیا، ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے ورلڈ بینک سے مدد لی جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ فاٹا فنڈ میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے افغان دارالحکومت کابل میں 200 بستروں کا جناح اسپتال بنایا ہے، افغان صوبے لوگر میں بھی ایک اسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں