6

پی ٹی آئی، ایم کیو ایم میں روابط مضبوط کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے اراکین پارلیمنٹ نے ملاقات کی جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور ممبر قومی اسمبلی سید امین الحق شریک ہوئے۔

حکومتی اراکین میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، ممبر قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر ملاقات کا حصہ ہے۔

ملاقات میں صوبہ سندھ بالخصوص کراچی اور حیدرآباد جیسے بڑے شہروں کے باسیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

علاوہ ازیں دونوں جماعتوں کے درمیان اتحادی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین کو یقین دہانی کروائی کہ وفاق کو سندھ کی عوام کو درپیش مسائل کا ادراک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت اپنا مکمل کردار ادا کرے گی۔

اس دوران صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے صوبائی سطح پر دونوں جماعتوں کے درمیان روابط کو مزید مظبوط کرنے پر زور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو دونوں جماعتوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنائے گی۔

کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سے متعلق امور پر بات چیت کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ اس منصوبے کی بحالی اور تکمیل میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آئندہ ماہ حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان وفاق میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اتحادی جماعت ہے جبکہ ان کے اراکینِ پارلیمنٹ وفاقی کابینہ کا بھی حصہ ہیں۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے ملاقات کی۔

گورنر سندھ نے سندھ کی سیاسی صورتحال پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا اور جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بریف کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں سندھ کے عوام کی تکالیف کا مکمل ادراک ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں