11

بھارت: ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس نشر کرنے پر 13 چینلز کو نوٹس

بھارت کی وزرات اطلاعات و نشریات نے اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما کپِل سیبال کے ‘تِرنگا ٹی وی’ سمیت 13 چینلز کو پاک فوج کے ترجمان کی پریس کانفرنس نشر کرنے پر اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیئے۔

اسکرول ڈاٹ اِن کی رپورٹ کے مطابق وزارت کی جانب سے ترنگا ٹی وی کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ وزارت نے 14 فروری کو پلوامہ حملے کے بعد چینلز کے لیے ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں ان سے ایسا مواد نشر نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس سے ‘امن عامہ کو نقصان پہنچنے، کشیدگی بڑھنے اور قوم مخالف جذبات پروان چڑھنے کا خدشہ ہو۔’

ایڈوائزری میں چینلز سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ ایسا مواد بھی نشر نہ کریں جس سے قومی سالمیت متاثر ہونے کا اندیشہ ہو۔

واضح رہے کہ ترنگا ٹی وی بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کپل سیبال کی ملکیت ہے۔

چینل کو اظہار وجوہ کے نوٹس میں کہا گیا کہ ترنگا ٹی وی نے پلوامہ حملے کے بعد 22 فروری کو پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی پریس کانفرنس تقریباً 21 منٹ تک نشر کرکے ایڈوائزری کی خلاف ورزی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں