12

افغان پناہ گزین بچوں سے متعلق ماہرہ کی پوسٹ پر ورون دھون کا خوبصورت تبصرہ

اداکارہ و فیشن آئیکون ماہرہ خان اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کے ساتھ منسلک ہیں، جنہوں نے حال ہی میں کراچی میں افغان پناہ گزین کیمپ کا دورہ کیا اور اس موقع کی تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی۔

ماہرہ نے دو بچوں کی کہانی بھی شیئر کی، جن سے وہ پناہ گزین کیمپ میں ملی تھیں۔

اداکارہ نے لکھا، ‘یہ دونوں بچے پورا وقت میرے ساتھ رہے، انہوں نے میری کوئی فلم نہیں دیکھی لیکن وہ اس بات پر اصرار کرتے رہے کہ وہ کسی راجا کو جانتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ‘راجا ہیرو ہے!’ ہم سوچتے رہے کہ آخر یہ بچے کس کے بارے میں بات کر رہے ہیں، آخرکار انہوں نے ورون دھون کی ایک فلم کا گانا گایا۔’

ماہرہ کے مطابق، ‘ان بچوں نے بتایا کہ وہ ان (ورون دھون) کی طرح بننا چاہتے ہیں، جس پر میں نے ان سے کہا کہ انشاء اللہ ایک دن وہ ضرور بنیں گے۔’

ماہرہ کی یہ پوسٹ ورون دھون کی نظر سے بھی گزری اور انہوں نے فوری طور پر اس کا جواب دیا۔

بالی وڈ اداکار نے لکھا، ‘ماہرہ خان آپ جو کام کر رہی ہیں، وہ بہت زبردست ہے۔ میں نے ویڈیو دیکھی ہے، جس نے میرے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔ میری طرف سے بہت سا پیار اور شیئر کرنے کا شکریہ۔’

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں