12

‘مشن پرواز’ کے ساتھ فخر عالم کراچی پہنچ گئے

کراچی: دنیا کا سفر کرنے کے لیے ‘مشن پرواز’ کا آغاز کرنے والے پاکستانی اداکار و گلوکار فخرعالم آج کراچی پہنچ گئے ہیں، جہاں سے پھر وہ اپنے اگلے پڑاؤ کی جانب روانہ ہوں گے۔

فخر عالم نے 10 اکتوبر کی صبح 7 بجے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر واٹرز سے مشن پرواز کا آغاز کیا تھا۔

اس مشن کے تحت وہ دنیا کے مختلف ممالک کے 32 اسٹاپس پر جائیں گے جس کا دورانیہ 28 دن پر محیط ہے۔

آج فخر عالم دبئی سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے، جو ان کے مشن پرواز کی 12 ویں منزل ہے۔

فخر عالم کی آمد پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر فخر عالم نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ سفر پاکستان کے لوگوں کے نام کیا اور کہا کہ ‘جب میں وطن کی فضا میں آیا تو عجیب سا جذبہ تھا’۔

فخرعالم نے مزید کہا کہ ‘فضائی قوانین کی وجہ سے صرف جوشوا بریکن اور کرٹ روئے نے ساتھ دیا، ان دونوں کی معاونت کے بغیر سفر ممکن نہیں تھا’۔

فخر عالم کا دنیا کا چکر لگانے کے لیے ‘مشن پرواز’

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ‘فخر عالم نے پاکستان کی تاریخ کا انوکھا کارنامہ سرانجام دیا ہے، وہ ایک ایسا کام کر رہے ہیں، جس سےزندگی کو خطرہ ہے’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں فخر عالم کو پورے پاکستان کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں’۔

فخر عالم کراچی سے لاہور اور اسلام آباد سے ہوتے ہوئے آگے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اگر فخر عالم مشن پرواز میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ دنیا کی تاریخ میں ہوائی جہاز سے خود پرواز کرنے والے سب سے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں