6

اپنی شادی کو خوب انجوائے کریں، کامیڈین فائزہ سلیم کا دلہنوں کو پیغام

پاکستانی کامیڈین فائزہ سلیم کی شادی کی تقریبات جاری ہیں، ایسے میں رسم مہندی کے دوران انہوں نے اپنا مخصوص مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے شرکاء کو خوب لطف اندوز کیا اور سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرتے ہوئے تمام دُلہنوں کیلئے ایک پیغام بھی دیا۔

فائزہ سلیم لکھتی ہیں’میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں اپنی شادی پر سب سے زیادہ تفریح کروں گی، میں نے اپنی والدہ سے اس چیز کی اجازت لی اور پھر میں نے پرواہ نہیں کی کہ لوگ کیا کہیں گے‘۔

انہوں نے لکھا ’میں نے نکاح نامے میں اپنی مرضی سے شقیں بھریں جس کے لیے میں نے اور میرے خاوند نے مل کر پہلے ہی بات چیت کرلی تھی‘۔

کامیڈین فائزہ لکھتی ہیں کہ ’میں نے شادی کی ایک کامیڈی نائٹ کا انعقاد کیا جس کی میزبانی میں نے خود اپنے کامیڈین دوستوں کے ساتھ کی، ہوسکتا ہے کہ یہ کوئی اچھا خیال نہ ہو‘۔
انہوں نے بتایا، ‘میں نے مہندی میں اپنے خاوند ابوذر اور دوستوں کے ساتھ جوتے پہن کر ڈانس کیا، ہم لڑکیاں سوچتی ہیں کہ ہم اپنی شادی پر خوش نہیں ہوسکتیں لیکن کیوں نہیں؟جب سب خوش ہیں تو مجھے کیوں خوش نہیں ہونا چاہیے؟ ہم دوسروں کی کیوں سنیں کہ ہم کیسے اور کہاں اپنے جذبات کا اظہار کریں، اگر کوئی آپ کی خوشی میں خوش نہ ہو تو یہ بہت بری اور مایوس کن بات ہے’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میری دعا ہے کہ میں اور ابوذر ایک ساتھ ایسے ہی خوشیاں جاری رکھیں کیونکہ خوش مزاج دُلہن دوسروں کو بھی خوش کرتی ہے۔

بعد ازاں انہوں نے مداحوں سے دعاؤں اور نیک خواہشات کی بھی درخواست کی۔
تھیٹر سے مشہور ہونے والی فائزہ سلیم سوشل میڈیا پر اپنی کامیڈی ویڈیوز کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں، جن کے بے شمار مداح ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں