8

بھارت میں خاتون کا ‘گنجے’ شوہر کے خلاف مقدمہ

بھارت کے شہر ممبئی میں 27 سالہ خاتون نے شوہر کی جانب سے گنج پن چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے نیا نگر پولیس تھانے میں دھوکا دہی کا مقدمہ درج کرادیا۔

ذرائع کے مطابق 27 سالہ خاتون کی شادی گزشتہ ماہ ہوئی تھی اور ان کے شوہر کی عمر29 برس ہے۔

تاہم ان کے شوہر اور سسرالیوں نے خاتون کے اہلخانہ سے یہ بات چھپائی کہ وہ گنجے ہیں جس کے باعث انہوں نے شوہر پر دھوکا دہی کا الزام عائد کیا ہے۔

خاتون نے بتایا کہ شادی کے بعد معلوم ہوا کہ ان کے شوہر گنجے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ان کے شوہر ایک وِگ پہن رہے تھے۔

شکایت کنندہ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے جب انہوں نے یہ معاملہ اپنے سسرالیوں کے سامنے اٹھایا تو انہوں نے کہا کہ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق نیا نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر کیلاش بارو نے کہا کہ ملزم کی شادی رواں برس ستمبر میں ہوئی تھی جو ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خاتون کو بعد میں علم ہوا کہ ان کے شوہر کے سر پر بال نہیں اور وہ وگ پہن رہے تھے۔

چند روز قبل خاتون نے نیا نگر پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا تھا اور اپنے شوہر اور سسرالیوں کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔

کیلاش بارو نے بتایا کہ خاتون نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ ان کے سسرال والے مزید جہیز کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں ہراساں کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں