8

زرتاج گل کا ایک اور مضحکہ خیز بیان سامنے آگیا

کراچی: زرتاج گل نے ضیاء الحق کے یوم وفات کو یوم پیدائش قرار دے دیا۔

زرتاج گل اپنے بیانات کی وجہ سے اکثر خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں اور سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنتی ہیں۔

ایک مرتبہ پھر وہ سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کررہی ہیں۔ انہوں نے سابق آرمی چیف اور صدر جنرل محمد ضیاء الحق کے یوم وفات کو ان کا یوم پیدائش قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں ن لیگ کے جاوید لطیف اور پی پی پی کے مرتضی وہاب کے ساتھ ساتھ وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی بھی مدعو تھیں۔

زرتاج گل نے ازراہ تمسخر جاوید لطیف کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ضیاء الحق نے ن لیگ بنائی تھی جن کا آج یوم پیدائش ہے جس پر میں ن لیگ کو مبارک باد دیتی ہوں۔

اس پر مرتضی وہاب نے سر پکڑ لیا جبکہ میزبان نے بھی ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ خدا کا نام لیں آج ضیاء الحق کا یوم پیدائش نہیں بلکہ یوم وفات ہے۔ لیکن زرتاج گل مہمان کی بات دھیان سے سننے کی بجائے الجھنے کے انداز میں کہتی رہیں کہ اگر حادثہ ہوا تھا تو ن لیگ کو ضیاء الحق کی برسی منانی چاہیے کیونکہ ن لیگ بنائی ضیاء الحق نے تھی۔

زرتاج گل نے اس سے پہلے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ کووڈ 19 کا مطلب ہے کہ وائرس کے 19 نکات ہیں اور یہ کسی بھی ملک میں کسی بھی طرح اثر انداز ہو سکتا ہے۔ اس پر سوشل میڈیا پر زرتاج گل کی بہت زیادہ میمز بنی تھیں۔

جنرل محمد ضیاء الحق 12 اگست 1924ء کو پیدا ہوئے اور 17 اگست 1988ء کو بہاولپور کے قریب سی 130 طیارے کے ایک پراسرار واقعے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

انہوں نے 1977ء میں وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹا کر مارشل لا لگایا تھا اور بعد ازاں صدر بھی بن گئے تھے۔
حادثہ کے وقت طیارے میں امریکی سفیر آنرڈ رافیل اور امریکی جنرل ہربرٹ ویسم بھی موجود تھے۔

بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ امریکی سی آئی اے نے جنرل محمد ضیاء الحق کو ختم کرنے کے لیے آموں کی پیٹیوں میں اعصاب شکن گیس چھوڑ دی تھی۔ کچھ نے کہا کہ سوویت کے جی بی نے جنرل محمد ضیاء الحق کو قتل کیا۔ بھارت میں سابق امریکی سفیر گنتھر ڈین نے یہ تک کہا کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد جنرل محمد ضیاء الحق کے قتل میں ملوث ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں