7

امریکی انتخابات سے متعلق ٹوئٹ پر مہوش حیات پھر تنقید کا نشانہ بن گئیں

کراچی: اداکارہ مہوش حیات بھی پوری دنیا کی طرح پُر تجسس ہیں کہ 59 واں امریکی صدارتی انتخاب کون جیتے گا اور اس حوالے سے انہوں نے اپنے مداحوں سے سوال بھی پوچھا ہے۔

امریکی صدارتی انتخابات پر پوری دنیا کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں اور لوگ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ امریکا کا اگلا صدر کون بنے گا۔ مہوش حیات بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جو یہ جاننے کے لیے بے چین ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن میں سے کون اگلے چار سال تک وہائٹ ہاؤس کی چابی سنبھالے گا۔

مہوش حیات نے انسٹاگرام پرٹرمپ اور بائیڈن کی صدارتی الیکشن مہم کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا جب امریکا چھینکتا ہے تو پوری دنیا میں ٹھنڈ بڑھ جاتی ہے۔ مہوش حیات نے کہا وہ دوستوں سے یہ جان کر خوفزدہ ہوگئی ہیں کہ امریکا کے بڑے علاقوں میں شہری بدامنی کی توقع کی جارہی ہے۔ ایسا لگتا ہے صرف ہم ہی نہیں جن کی دلچسپ الیکشن پر اجارہ داری ہے۔

مہوش حیات نے اپنے مداحوں سے سوال پوچھا دیکھتے ہیں اگلے چار سالوں کے لئے وہائٹ ہاؤس کی چابی کس کے ہاتھ آتی ہے؟ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوال پوچھا آپ کو کیا لگتا ہے اگلا امریکی صدر کون ہوگا؟

مہوش حیات کے سوال پر ان کے مداحوں نے دلچسپ جوابات دئیے کسی نے کہا جیت جوبائیڈن کی ہوگی تو کسی نے ٹرمپ کا نام لیا۔ زینب نامی خاتون نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ ایک بار پھر امریکی صدارتی الیکشن میں جیت ٹرمپ کی ہی ہوگی کیونکہ وہ امریکا کے نواز شریف ہیں۔ میں امید کرتی ہوں امریکا میں ایک اچھا لیڈر آئے ٹرمپ کی طرح نہیں۔

کچھ لوگوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں کوئی بھی جیتے۔ جب کہ ایک صارف نے کہا اپنا میک اپ سنبھالو امریکا سنبھل جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں