9

بابر اعظم کے پاس عالمی نمبر ایک بننے کا نادر موقع

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہفتے سے شروع ہونے والی ٹی20 سیریز کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے پاس دوبارہ کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ کا عالمی نمبر ایک بلے باز بننے کا نادر موقع ہے۔

زمبابوے کے خلاف آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں 125 رنز کی عمدہ اننگز سمیت مجموعی طور پر سیریز میں 221 رنز بنانے والے بابر اعظم ٹی20 کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں ایک عرصے تک عالمی نمبر ایک رہے اور وہ اس وقت تینوں فارمیٹس میں واحد ایسے بلے باز ہیں جو صف اول کے پانچ بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

پاکستان کے کپتان جنوری 2018 سے اب تک چار مختلف مواقع پر عالمی نمبر ایک رہتے ہوئے مجموعی طور پر ٹی20 میں 774 دن تک سرفہرست بلے باز رہے ہیں اور رواں سال ستمبر تک بھی وہ اس منصب پر فائز تھے۔

تاہم انگلش بلے باز ڈیوڈ ملان نے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا جو ان سے صرف 8 پوائنٹس کے فاصلے سے نمبر ایک بلے باز ہیں اور سیریز میں اچھی کارکردگی کی بدولت بابر دوبارہ عالمی نمبر ایک بلے باز بن سکتے ہیں۔

اسی طرح سیریز میں اسپن باؤلنگ آل راؤنڈر عماد وسیم کی نظریں بھی بہترین کارکردگی دکھا کر اچھی رینکنگ کے حصول پر مرکوز ہوں گی جو اس وقت باؤلر کی عالمی درجہ بندی میں 8ویں نمبر پر موجود ہیں۔

عماد بھی 2017 اور 2018 میں مجموعی طور پر 146 دن تک عالمی نمبر ایک باؤلر رہ چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں