7

حلیمہ سلطان کے بعد ایک اور ترک اداکارہ پاکستانیوں کے منفی تبصروں سے پریشان

ترک ڈراماسیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کی اداکارہ حلیمہ سلطان کے بعد ایک اور ترکش اداکارہ ہاندے سوباسی جنہوں نے ڈرامے میں آئیکیز ہاتون کا کردار نبھایا ہے بھی پاکستانیوں کی جانب سے ان کے لباس پر تنقید اور منفی تبصروں سے پریشان آگئیں۔

ترکی کے مقبول ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ نے پاکستان میں نہ صرف مقبولیت کے کئی ریکارڈ توڑے ہیں بلکہ اس ڈرامے کے ساتھ پاکستانیوں کے جذبات جڑ گئے ہیں۔ اور پاکستانی عوام ڈرامے میں کام کرنے والوں کو حقیقی سمجھنے لگے ہیں۔ جب ہی تو ترک اداکاروں کی نجی زندگی اور ان کے لباس پر تنقید کررہے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل پاکستانیوں نے ڈرامے میں مرکزی کردار اداکرنے والی اداکارہ اسریٰ بلگیچ (حلیمہ سلطان) کے لباس پر تنقید کی تھی اور مغربی لباس پہننے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا ’’حلیمہ باجی اس طرح کے لباس نہ پہنا کریں یہ اچھے نہیں ہیں۔‘‘ جب پاکستانیوں کی تنقید حد سے بڑھ گئی تو اسریٰ بلگیچ نے کہا تھا کہ مہربانی کرکے مجھے فالو نہ رکیں۔

کچھ ایسا ہی ’’ارطغرل غازی‘‘ میں آئیکیز ہاتون کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ہاندے سوباسی کے ساتھ بھی ہوا۔ ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے اس بارے میں پوچھا گیا کہ جب سوشل میڈیا پر آپ کو نجی تصاویر شیئر کرنے پر تنقید ملتی ہے تو آپ ناراض ہوتی ہیں؟

اس سوال کے جواب میں ہاندے نے کہا یہ بہت حساس مسئلہ ہے میں جانتی ہوں جب کوئی اداکار اسکرین پر کوئی کردار ادا کرتا ہے تو مداح اسے اسی کردار کی نظر سے دیکھنے لگتے ہیں۔ میرا کام اگرچہ صرف اپنی پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا تھا اور آئیکیز کے کردار کو زندگی دینا تھا لیکن یہ چیز مجھے آئیکیز نہیں بناتی میں اصل زندگی میں ہاندے ہوں۔

انہوں نے مزید کہا میں اس کردار کو اتنا زیادہ پسند کرنے کے لیے اپنے مداحوں کی شکرگزار ہوں لیکن اپنی ذاتی زندگی میں ملنے والے منفی تبصروں اور تنقید سے بالکل خوش نہیں ہوں۔

تاہم ہاندے سوباسی نے ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘میں پاکستانیوں کی محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں ضرور پاکستان کا دورہ کریں گی۔ میں آج تک کبھی پاکستان نہیں آئی لیکن پاکستان کے کلچر کے بارے میں جاننے کے لیے بے حد متجسس ہوں۔ اور ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘کو ملنے والے مثبت فیڈ بیک سے خود کو پاکستان کے مزید قریب محسوس کرنے لگی ہوں۔ اور  اس چیز سے مجھے بے حد خوشی ملتی ہے کہ اپنے کام کی وجہ سے دوسرے ممالک میں پہچانی جارہی ہوں۔ پاکستان کادورہ کرنا میرے لیے بہت خوشی کی بات ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں