9

اینگن التان المعروف ارطغرل نے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کیساتھ معاہدہ ختم کردیا

لاہور: ترک اداکار اینگن التان دزیاتن المعروف ارطغرل غازی نے پاکستانی ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے ساتھ معاہدہ منسوخ کردیا۔

ایک مقامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ترک اداکار اینگن التان دزیاتن نے پاکستانی ٹک ٹاکر اور بزنس مین کاشف ضمیر کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا معاہدہ مسوخ کردیا اور اب وہ شوٹنگ کے لیے پاکستان بھی نہیں آئیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اینگن التان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نجی فرم جس کے مالک پاکستانی بزنس مین کاشف ضمیر ہیں کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے دستبردار ہوتے ہیں۔ ترک اداکار اینگن التان نے اچانک کاشف ضمیر کی فرم کے ساتھ معاہدہ منسوخ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

کاشف ضمیر نے ترک اداکار کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا پراجیکٹ سائن کیا تھا جس کے تحت اینگن التان ان کے بزنس کے ایمبیسڈر مقرر ہوئے تھے۔ اور اسی سلسلے میں اینگن التان گزشتہ ماہ پاکستان کے دورے پر بھی آئے تھے۔

تاہم اب ایک مقامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اینگن التان اس معاہدے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’میں پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتاہوں۔‘‘ اس کے علاوہ ترک اداکار نے رواں ماہ اپنا آنے والا دورہ پاکستان بھی معطل کردیا ہے۔

یاد رہے کہ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ترک اداکار ان کے برانڈ کی شوٹنگ کے لیے 12 یا 13 جنوری کو دوبارہ پاکستان آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں