6

کراچی ٹیسٹ تیسرے دن کا اختتام؛ جنوبی افریقا نے 4 وکٹ پر 187 رنز بنالیے

 کراچی: کراچی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں جنوبی افریقا نے پاکستان کی 158 رنز کی برتری ختم کرتے ہوئے 4 وکٹ کے نقصان پر 187 رنز بنالیے ہیں۔ 

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 220 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم فواد عالم کی سنچری کی بدولت 378 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور یوں میزبان ٹیم کو 158 رنز کی برتری حاصل کی۔

دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا۔ ایلگر 29 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کا شکار بن گئے جس کے بعد مارکرم اور وین ڈیر ڈاسن نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔ بابراعظم نے یاسر شاہ کی بولنگ پر مارکرم کا  27 رنز پر کیچ ڈراپ کرکے نئی زندگی دی۔

وین ڈیر ڈاسن اور اور ایڈن مارکرم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 127 رنز کی اہم شراکت قائم کی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی تاہم یاسر شاہ نے اس شراکت کا خاتمہ کرتے ہوئے ڈاسن کو 64 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

تیسرے روز کے اختتام میں صرف 4 اوورز باقی تھے لیکن فاف ڈپلسی نے اپنی وکٹ گنوادیں وہ 10 رنز پر یاسر شاہ کا شکار بنے جب کہ اگلے ہی اوور میں سیٹ بلے باز ماکرم 74 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد نعمان علی کا شکار بن گئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 اور نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تیسرے روز پاکستان نے 8 وکٹ کے نقصان پر 308 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، حسن علی 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین نعمان علی تھے جو 24 رنز بناکر مہاراج کا شکار بنے۔ یاسر شاہ 38 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو رباڈا اور کیشو مہاراج نے 3،3 جب کہ لنکی نگیڈی اور اینرچ نورجے نے 2،2، وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے کھیل کے پہلے روز ہی 33 رنز پر 4 وکٹیں گنوادیں تھیں تاہم مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقا پر پہلی اننگز میں برتری حاصل ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ سابق کپتان اظہر علی اور فہیم اشرف نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

اظہر علی 51 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے اور محمد رضوان 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ فہیم اشرف 64 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز 14 وکٹیں گری تھیں، جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بنائے تھے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں