11

پاکستان سپر لیگ کا چھٹا ایڈیشن ایک بار پھر ملتوی

لاہور: پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز موخر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آپریشنل مشکلات کے وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کو موخر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائز مالکان کے ورچوئل اجلاس میں لاجسٹک مسائل اور دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے ابوظہبی میں مقابلوں کے پلان کو ناقابل عمل قرار دیا گیا۔ اس ضمن میں نیا بجٹ بھاری ہونے کی وجہ سے میچز بعد میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی سی بی کا 7 رکنی وفد جو ابو ظہبی میں موجود تھے ان کے متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور پی ایس ایل 6 کے بقیہ تمام میچز ابو ظہبی ہوں گے جس کا باضابطہ اعلان جلد کردیا جائے گا جب کہ پی ایس ایل کے میچز کھیلنے کے لیے کھلاڑیوں  کو خصوصی فلائٹس کے ذریعے ابوظہبی بجھوایا جائے گا۔ اس حوالے سے فرنچائزز نے اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

واضح رہے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے ابتدائی 14 میچز فروری میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے تاہم لیگ میں شامل متعدد کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد لیگ کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

بعد ازاں یکم مئی سے کراچی میں ہی بقیہ تمام میچز کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ملک میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارت میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لیے پی سی بی کا 7 رکنی وفد وہاں موجود تھا اور ابو ظہبی میں تمام میچز کرنے پر اتفاق بھی کرلیا گیا تھا تاہم بورڈ کو آپریشنل مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث لیگ ایک بار پھر موخر کردی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں