9

کورونا کے وار لیکن بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی طرف سے بھیجی گئی رقوم میں کمی ہوئی یا اضافہ ؟ حیران کن خبرآگئی

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطن بھیجی گئی رقوم کی ترسیل میں اضافہ کا رجحان دیکھا گیا ہے . سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق فروری کے مدمقابل مارچ میں موصول ہونے والی ترسیلات کی مالیت 3.8 فیصد زائد اور رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کی ترسیلات گزشتہ مالی سال کے ابتدائی نو ماہ سے 6 فیصد زائد رہیں .

رواں مالی سال جولائی تا مارچ کے دوران کارکنوں کی 16 ارب 99 کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی ترسیلات رہیں

جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں بھجوائی جانے والی 16 ارب 3 کروڑ 9 لاکھ ڈالر کی ترسیلات سے 96 کروڑ ڈالر یا 6 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہیں. مارچ 2020ءکے دوران کارکنوں کی ترسیلاتِ زر کی مالیت ایک ارب 89 کروڑ 44 لاکھ ڈالر رہیں جو فروری 2020ءکے دوران موصول ہونے والی ایک ارب 82 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ترسیلات سے 6 کروڑ 94 لاکھ ڈالر یا 3.8 فیصد زائد ہیں.مارچ 2020ءکے دوران موصول ہونے والی ترسیلاتِ مارچ 2019ءکی ایک ارب 73 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کی ترسیلات سے 16 کروڑ ڈالر یا 9.3 فیصد زائد ہیں.

سٹیٹ بینک کے مطابق مارچ 2020ءکے دوران کارکنوں کی ترسیلات میں بڑی رقوم سعودی عرب (452.3 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (420.4 ملین ڈالر)، امریکا (352.4 ملین ڈالر) اور برطانیہ سے (248.5 ملین ڈالر) موصول ہوئیں جس سے فروری2020ءکے مقابلے میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور امریکا سے موصول ہونے والی ترسیلاتِ زر میں بالترتیب 7.2 فیصد،8.6 فیصد اور5.5 فیصد کا اضافہ جبکہ برطانیہ سے موصول ہونے والی رقوم میں 2.0 فیصد کمی ظاہر ہوتی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں