8

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری، 90 فیصد مریض صحتیاب

اکستان میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ بے اثر ہوتا جارہا ہے اور ملک میں اس عالمی وبا کے فعال کیسز 20 ہزار سے زائد رہ گئے ہیں۔

ملک میں اگرچہ مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 136 ہے تاہم اس میں 2 لاکھ 54 ہزار 286 لوگ صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ 6 ہزار 14 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

اس عالمی وبا سے ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 90 فیصد سے بڑھ چکی ہے جو اس وبا کے مکمل خاتمے کے لیے امید کی کرن ہے۔

آج (5 اگست) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 290 کیسز اور 5 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ مزید 4 ہزار 889 افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔

گزشتہ برس دسمبر سے چین سے شروع ہونے والے اس مہلک وائرس کا پاکستان میں پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اب تک اس وبا کو 5 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے۔

اس پورے عرصے کے دوران ابتدا میں ملک میں کورونا کیسز کی تعداد کم تھی تاہم مارچ کے بعد سے ان کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔

اپریل کے مہینے میں کچھ حد تک کیسز بڑھنے کے بعد مئی اور جون میں کورونا وائرس کے کیسز بلندی تک جاتے دکھائی دیے تاہم جولائی کے مہینے میں ان کیسز کی یومیہ تعداد میں کچھ کمی آئی۔

اگست کے آغاز میں اگرچہ عید الاضحیٰ ہونے کے باوجود کیسز کی تعداد کم رہی جبکہ اموات میں بھی گزشتہ اعداد و شمار کے مقابلے میں اس طرح کا اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں