7

منشیات کے استعمال سے متعلق تفتیش میں دیپیکا پڈوکون بھی شامل

ھارت کی انسداد منشیات فورس نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے گرفتار کی جانے والی اداکارہ ریا چکربورتی کے انکشافات اور اعتراف کے بعد متعدد بولی وڈ شخصیات سے منشیات کے استعمال کی تفتیش کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ریا چکربورتی کو نارکوٹکس بیورو نے 8 ستمبر کو گرفتار کیا تھا، بعد ازاں انہیں 9 ستمبر کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔

انہیں رواں برس جون میں خودکشی کرنے والے سشانت سنگھ راجپوت کے لیے منشیات کا بندوبست کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اداکارہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب انہوں نے نارکوٹکس بیورو کے سامنے تفتیش میں اعتراف کیا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی تھیں اور یہ کہ اداکار کی رہائش گاہ پر منشیات استعمال کرنے کی پارٹیاں بھی ہوتی تھیں۔

نارکوٹکس بیورو نے ریا چکربوتی کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت سے 22 ستمبر تک ان کا ریمانڈ بھی حاصل کیا تھا جس میں 6 اکتوبر تک توسیع کردی گئی ہے۔

ریا چکربورتی کی گرفتاری کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ نے نارکوٹکس بیورو کے سامنے کم از کم 28 بولی وڈ شخصیات کے منشیات استعمال کرنے کے حوالے سے بتایا تھا۔

ریا چکربورتی نے جن 28 شخصیات کے حوالے سے نارکوٹکس بیورو کو بتایا تھا ان میں سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان، اداکارہ راکول پریت سنگھ اور ڈیزائنر سیمون کھمباٹا کے نام بھی شامل تھے۔

بعدازاں نارکوٹکس بیورو نے تصدیق کی کہ ریا چکربورتی کے بیان کے بعد جلد ہی سارہ علی خان، راکول پریت سنگھ اور ڈیزائنر سیمون کھمباٹا سے بھی تفتیش شروع کردی جائے گی

اب این سی بی کی جانب سے منشیات کے استعمال کے خلاف تفتیش میں دیپیکا پڈوکون کا نام بھی سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات میں نہ صرف اداکارہ بلکہ ان کی مینیجر کرشمہ پرکاش کا نام بھی اسی کیس میں شامل ہے۔

این سی بی دیپیکا پڈوکون کی مبینہ چیٹس ریکور کرنے کے بعد ان کا نام تفتیش میں شامل کیا جس میں وہ اپنی مینیجر کرشمہ پرکاش سے حشیش لانے کا کہہ رہی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق دونوں نے کوکو نامی مقام پر ملاقات کے حوالے سے بات چیت بھی کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں