10

ملک میں کورونا وائرس کے مزید 985 کیسز، 4 اموات کا اضافہ

پاکستان، دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال خطے کے دیگر ممالک سے قدرِ بہتر ہے، تاہم گزشتہ کچھ روز سے کیسز اور اموات کی تعداد بڑھی ہے اور موسم کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ملک میں اس عالمی وبا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 28 ہزار 880 ہے جس میں سے 3 لاکھ 11 ہزار 75 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 740 کا انتقال ہوا ہے۔

آج 26 اکتوبر کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 985 کیسز اور 4 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 584 مریض صحتیاب ہوئے۔

ان کیسز میں سندھ کے 310، بلوچستان کے 9 اور خیبرپختونخوا کے 28 کیسز شامل ہیں جو گزشتہ روز کے اعداد و شمار تھے۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو اس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا۔

ابتدا میں اس وائرس کے کیسز کی تعداد کم تھی تاہم بعد ازاں اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کافی کیسز رپورٹ ہوئے۔

جون میں تو صورتحال یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگی تھیں، مزید یہ ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔

تاہم جولائی میں وائرس کے کیسز میں کمی آنے کا سلسلہ شروع ہوا جو اگست میں کچھ بہتر ہوا اور پھر ستمبر میں اس میں مزید بہتری دیکھی جارہی ہے۔

اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم گزشتہ کچھ روز سے کیسز اور میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ میں کورونا کے 278 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 114 ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان میں وائرس سے ایک مریض جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے یہاں اموات کی تعداد 2599 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وبا کے مزید 198 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار 875 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور یہاں جاں بحق افراد کے تعداد 2335 پر برقرار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں